حیدرآباد۔ 13۔ دسمبر (اعتماد نیوز) ضلع محبوب نگرکے بالانگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں شہر سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق 28سالہ رمیش ساکن شیخ پیٹ ‘ او یو کالونی اور اس کاد وست 28سالہ چلمنڈا ساکن مجید بنڈہ‘ کل رات اپنے دوست کی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد موٹر سائیکل پر واپس ہورہے تھے کہ بالانگر کے قریب ان کی موٹر سائیکل سامنے سے آنے والی ڈی سی ایم ویان سے ٹکراگئی۔ حادثہ میں ایک نوجوان برسرموقع ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو علاج کے لئے عثمانیہ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں وہ آج جانبر نہ ہوسکا۔
ٹرین کی زد میں آکر ہلاک
llٹرین کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس نے 40سالہ محمد جہانگیر ساکن نوری نگر بنڈلہ گورہ کل فلک نما اپوگوڑہ کے درمیان غلام مرتضیٰ چھاونی کے قریب پٹریاں عبور کرنے کے دوران ٹرین کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگیا اسے علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا ۔
طالبہ نے خودکشی کرلی
llانٹرمیڈیٹ کی طالبہ نے خودکشی کرلی۔
نریڈ میٹ پولیس کے بموجب 15 سالہ لیلا سائی ساکن کارتکیہ نگر‘ خانگی کالج میں انٹرمیڈیٹ سال اول میں زیر تعلیم تھی۔ طالبہ کو کل اس کی ماں نے کسی بات پر ڈانٹا جس پر دل برداشتہ طالبہ نے زہر پی لیا‘ اسے فوری طور پر خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی۔
لڑکی کو دھمکانے پر نوجوان گرفتار
llپولیس بنجارہ ہلز نے خانگی ٹی وی چینل کے ایک ٹکنیشن کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا ہے جو محبت کے نام پر ایک لڑکی کو ہراساں اور شادی سے انکار پر اس کی تصاویر فیس بک پر ڈال دینے کی دھمکی دے رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق 25 سالہ اودئے ساکن دیور کنڈہ بستی‘ متوطن وشاکھاپٹنم نے پڑوسی لڑکی کو محبت کے نام پر ہراساں کرنا شروع کیا۔ اس دوران لڑکی کی شادی طئے پائی اور اسکا رسم کسی اور نوجوان سے کردیا گیا۔ اس بات کی اطلاع ہونے کے بعد اودئے‘ لڑکی کے مکان پہنچا اور اس پرشادی کے لئے دباؤ ڈالنے لگا۔ انکار پر اس نے لڑکی کو دھمکی دی کہ وہ اس کی تصاویر فیس بک پر اپ لوڈ کرکے اسے بدنام کردے گا۔ پولیس نے نوجوان کے خلاف شکایت کی اور پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔